ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام:الرّقہ پر بین الاقوامی اتحاد کی بم باری، 42شہری جاں بحق

شام:الرّقہ پر بین الاقوامی اتحاد کی بم باری، 42شہری جاں بحق

Thu, 24 Aug 2017 16:14:28    S.O. News Service

دمشق،23اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام میں انسانی حقوق کے مرکزی نگراں گروپ "المرصد" نے منگل کے روز بتایا ہے کہ شام کے شمالی شہر الرقہ کے کئی علاقوں پر امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی بم باری کے نتیجے میں 42 شہری جاں بحق ہو گئے۔المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پیر کے روز ہونے والی اس بم باری میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے افرد میں 19بچے اور 12خواتین بھی شامل ہیں۔اس سے قبل اتوار کے روز شہر کے وسط میں ایک رہائشی علاقے پر بین الاقوامی اتحاد کی فضائی بم باری میں 27شہری موت کی نیند سلا دیے گئے تھے۔

اس طرح ایک ہفتے کے دوران الرقہ پر بین الاقوامی اتحاد کی بم باری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 170ہو گئی ہے جن میں 60بچے بھی شامل ہیں۔اس سلسلے میں رامی عبدالرحمن نے واضح کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مستقل اضافے کی وجہ فضائی حملوں میں گنجان آباد علاقوں بالخصوص شہر کے وسطی حصے کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اتحاد داعش تنظیم کے حوالے سے نظر میں آنے والے کسی بھی گھر یا عمارت کو نشانہ بنا ڈالتا ہے۔

اس وقت معرکوں کا محور الرقہ شہر کا پرانا علاقہ ہے۔ اس کے علاوہ شہر کی جنوبی سمت سے وسطی حصے بھی بڑی حد تک متاثر ہیں۔الرقہ کے اندر ڈھائی ماہ سے جاری لڑائی کے بعد سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے شہر کے تقریبا 60فی صد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جہاں سے لاکھوں شہری راہ فرار اختیار کر چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 25ہزار کے قریب افراد اب بھی شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔


Share: